کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اداکارہ حمیرا اصغر قتل کیس میں اہم انکشافات سامنے آگئے، 5 فروری کے بعد حمیرا اصغر کا فون کس نے استعمال کیا؟ حمیرا اصغر کی ڈی پی 5 فروری کے بعد ہٹ گئی، اداکارہ حمیرا اصغر کے ہئیر اسٹائلسٹ دانش مقصود نے پولیس کو بیان دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر قتل کیس میں اہم انکشافات سامنے آگئے، جنہوں نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔
حمیرا کے اسٹائلسٹ دانش مقصود کے مطابق حمیرا اصغر کے موبائل فون کا ”لاسٹ سین“ 5 فروری 2025 تک واٹس ایپ پر نظر آ رہا تھا جبکہ واٹس ایپ پر ”لاسٹ سین“ کی آخری تاریخ 7 اکتوبر 2024 تھی۔
دانش مقصود نے دعویٰ کیا کہ 5 فروری تک حمیرا اصغر کے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر ڈی پی بھی شو ہورہی تھی، 5 فروری کے بعد حمیرا اصغر کا “ لاسٹ سین “ نظر آنا بند ہوگیا، حمیرا اصغر کے موبائل فون سے اس کی ڈی پی بھی ہٹ گئی، ڈی پی ہٹ جانا اور لاسٹ سین غائب ہونا موبائل استعمال کیے بغیر ممکن نہیں۔
حمیرا کے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے 5 فروری کو گمشدگی کے حوالے سے پوسٹ کی۔ دانش مقصود نے دعویٰ کیا کہ گمشدگی کی پوسٹ کے بعد سے ڈی پی غائب ہوگئی، پوسٹ کے بعد “ لاسٹ سین “ بھی نظر آنا بند ہوگیا۔
حمیرا کے اسٹائلسٹ کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے پولیس کو تمام تر تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ دانش مقصود سے رابطہ کرلیا گیا ہے اور ان سے حمیرا اصغر کے حوالے سے دستیاب تمام معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی کے مطابق اس نئے پہلو پر بھی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔
خیال رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس (ڈی ایچ اے) کے ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ 2018 سے مقیم تھیں۔
پولیس اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش تقریباً 10 ماہ پرانی تھی اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ان کی موت اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہوئی تھی۔