دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ میں ایک نیا دلچسپ اور کارآمد فیچر شامل کیا جا رہا ہے جس کا مقصد صارفین کے لیے گفتگو کو زیادہ منظم اور سہل بنانا ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ اب صارفین کو میسجز پر تھریڈ فارمیٹ میں ریپلائی کرنے کی سہولت دے گا، جسے پہلے فیس بک اور ایکس (ٹوئٹر) پر دیکھا گیا ہے۔
موجودہ نظام میں ہر میسج کا ریپلائی الگ الگ دکھائی دیتا ہے، جس سے پرانے ریپلائیز کو تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
نئے فیچر کے تحت گروپ چیٹس میں تمام ریپلائیز اوریجنل میسج کے نیچے ایک تھریڈ کی شکل میں ظاہر ہوں گی، جس سے گفتگو کا سیاق و سباق واضح اور آسانی سے سمجھ آ سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق جب کوئی صارف کسی میسج پر ریپلائی کرے گا تو اوریجنل میسج پر ایک چھوٹا سا آئیکون نمودار ہوگا، جس پر کلک کرنے سے اس میسج سے جڑے تمام ریپلائیز ایک جگہ دیکھے جا سکیں گے۔
اس کے علاوہ صارفین اسی تھریڈ میں نئے ریپلائیز بھی شامل کر سکیں گے، جس سے مخصوص موضوع پر گفتگو ایک جگہ محدود رہ سکے گی۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے استعمال کو مزید فعال اور صارف دوست بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، خاص طور پر گروپ چیٹس میں جہاں متعدد موضوعات ایک ساتھ چلتے ہیں اور گفتگو کا نظم بکھر جاتا ہے۔