بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پسند کی شادی کرنے والے ایک نوجوان جوڑے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ڈیگاری مارگٹ کے علاقے میں پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے 20 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایچ او ہنہ نوید اختر کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق خاتون اور مرد کو رشتہ داری اور سماجی دباؤ کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔ مدعی نے پولیس کو بتایا کہ اطلاع ملنے پر وہ نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں لاشیں ملیں۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے مرکزی ملزمان سمیت 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے جنہیں کوئٹہ کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان اور مشتبہ افراد سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔