ڈیگاری میں غیرت کے نام پر قتل: چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان کے علاقے سنجدی ڈیگاری میں غیرت کے نام پر مرد اور خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے اندوہناک واقعے پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو 22 جولائی کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔

عدالتی کارروائی کے ساتھ ساتھ واقعے کی تفتیش میں بھی تیزی آ گئی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ نے قتل کی گئی خاتون کی قبر کشائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالتی احکامات کی روشنی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں خاتون کی قبر کشائی کی کارروائی جاری ہے تاکہ شواہد کو محفوظ بنایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور اب تک 20 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم بھی شامل ہے۔ واقعے کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ڈیگاری کے علاقے میں ایک مرد اور خاتون کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کیا جا رہا تھا۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا فوری نوٹس لیا تھا۔

Similar Posts