کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں تین ماہ قبل لاپتہ ہونے والے تین سالہ حسین کو مسجد کے باہر بھیک مانگتے دیکھ کر اہل خانہ نے پہچان لیا اور پیشہ ور بھکاری کو پکڑلیا۔ بچہ بھیک مانگتے ہوئے والدین کو کیسے ملا؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔
بچے کے والد کے مطابق حسین علی پانچ مئی کو اچانک گھر سے لاپتہ ہو گیا تھا۔ بچہ ذہنی طور پر کمزور ہے اور اپنی شناخت ظاہر کرنے کے قابل نہیں تھا، جس کی وجہ سے تلاش مزید مشکل ہو گئی تھی۔
واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے والد نے کہا کہ بچے کا چچا نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے تو بچے کو مسجد کے باہر ایک اجنبی شخص کے ساتھ دیکھا۔ مشکوک حالات میں بچے کو دیکھ کر انہوں نے قریب جا کر پہچان لیا اور فوراً بھائی کو اطلاع دی۔ اہل خانہ اور مقامی افراد نے ملزم شہریار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
کراچی میں مغوی بچوں سے بھیک منگوانے کا انکشاف
ملزم بار بار اپنے بیانات بدلتا رہا۔ کبھی کہتا کہ بچہ اسے سسر نے دیا ہے، کبھی کوئی اور کہانی سناتا۔ اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ یہ پیشہ ور بھکاری ہے، جو بچوں کو اغوا کر کے ان سے بھیک منگواتا ہے۔
پولیس نے ملزم شہریار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ اس گھناؤنے کام میں اور کون کون شامل ہے۔
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں فائرنگ، 3 افراد قتل، 5 زخمی
علاقے کے عوام اور منتخب نمائندوں نے پولیس سے شفاف انکوائری اور ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں کو اغوا کر کے بھیک منگوانے والے گینگ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے، اور امید ہے کہ جلد ہی اس مکروہ نیٹ ورک کے دیگر چہرے بھی بے نقاب ہوں گے۔