کرکٹ کی تاریخ کا منفرد واقعہ پیش آگیا، جہاں بیٹے نے والد کو چھکا لگادیا، افغانستان کی کرکٹ لیگ میں 18 سالہ حسن عیسی خیل نے والد محمد نبی کو پہلی ہی گیند پر چھکا مار کر حیران کردیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
افغان کرکٹ بورڈ کے زہر اہتمام مقامی ٹی 20 لیگ کا دسواں ایڈیشن کابل میں جاری ہے، جس کے آٹھویں میچ میں اے ایم او شارکس اور میزے عینک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل تھیں۔
میزے عینک کی نمائندگی کرنے والے محمد نبی نے جب حریف ٹیم کے بیٹر اور اپنے بیٹے کا سامنا کیا تو انہیں حیران کن پر بیٹے عیسیٰ خیل نے پہلی ہی گیند پر زور دار چھکا مار دیا، جسے نہ صرف میدان میں بیٹھے شائقین بلکہ سوشل میڈیا پر بھی زبردست انداز میں پذیرائی مل رہی ہے۔
کرکٹ کی تاریخ میں شاید یہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ کے اتنے بڑے اسٹیج پر کسی بیٹے نے اپنے باپ کی گیند پر چھکا لگایا ہو۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نہ صرف عیسیٰ خیل کی بلے بازی کی صلاحیتوں کو سراہ رہے ہیں بلکہ والد کو پہلی ہی گیند پر چھکا مارنے پر بھی اُن کی تعریف کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر صارف مفدل وہرا نے لکھا کہ بیٹا والد کو چھکا مار رہا ہے، حسن عیسیٰ خیل نے اپنے والد محمد نبی کو چھکے کے ساتھ خوش آمدید کہا۔
کرک جنید نامی صارف نے لکھا کہ ’کرکٹ کا نایاب منظر، باپ بمقابلہ بیٹا، حسن عیسیٰ خیل نے اپنے والد محمد نبی کی گیند پر چھکا جڑ دیا، اس سے زیادہ دل کو چھو لینے والا (اور ساتھ ہی بےرحم) لمحہ اور کیا ہو سکتا ہے‘۔