انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر روسٹن چیز نے شاندار کارکردگی کے باعث کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
روسٹن چیز نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مجموعی طور پر دو میچز میں 76 رنز اسکور کیے۔ اس کارکردگی کے باعث وہ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی بلند ترین درجہ بندی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بیٹر شائی ہوپ نے بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں زبردست چھلانگ لگائی ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں 39 گیندوں پر 55 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر بلے بازوں کی فہرست میں دسویں پوزیشن حاصل کر لی۔
آسٹریلیا کے مچل مارش تین درجے بہتری کے بعد 23ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ ویسٹ انڈیز کے برینڈن کنگ چار درجے ترقی کے بعد 30ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے تنزید حسن نے 18 درجے ترقی کے ساتھ 37ویں اور ان کے ساتھی بلے باز توحید ہردوئے دو درجے بہتری کے ساتھ 39ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
پاکستانی اوپنر فخر زمان نے بھی نمایاں پیش رفت کی ہے، وہ آٹھ درجے بہتری کے بعد اب 79ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے کیمرون گرین نے 34 درجے ترقی کرتے ہوئے 88ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
بولنگ رینکنگ میں بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے 17 درجے ترقی کے بعد نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، جب کہ ان کے ہم وطن مہدی حسن 16ویں، تنزیم حسن ساکیب 37ویں اور شرف الاسلام 43ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کے نوجوان اسپنر ابرار احمد نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 12 درجے بہتری کے بعد ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں 49ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔
آئی سی سی کی اس تازہ رینکنگ میں نمایاں بہتری دکھانے والے کھلاڑیوں کی اکثریت کا تعلق ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور پاکستان سے ہے، جو حالیہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔