ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں مون سون کی شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد سڑکیں بند ہو گئیں، انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ہری پور کی تحصیل خان پور میں پہاڑی تودہ سڑک پر گرنے سے بگلہ کلالی اور گردونواح کے علاقوں کا راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا۔
ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ گلیات اور سرکل بکوٹ میں ٹھنڈیانی روڈ، نملی میرا روڈ، بکوٹ روڈ اور مری روڈ سمیت کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے سبب سڑکیں جزوی طور پر بند ہو گئی ہیں۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اہلکار ان سڑکوں کو کھولنے کے لیے مصروف عمل ہیں اور انتظامیہ نے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے فوری طور پر کام شروع کر دیا ہے۔
ادارے نے سیاحوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ان علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خاص طور پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرناک مقامات پر اپنی گاڑیاں پارک نہ کریں۔ سیاحوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے بارش کے باعث پیدا شدہ مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ہری پور میں طوفانی بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں شدید طغیانی
دوسری جانب ہری پور میں بھی طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آئی ہے۔ تحصیل خان پور کے علاقے میں پہاڑی تودہ سڑک پر گرنے سے بگلہ کلالی اور گردونواح کے علاقوں کا راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔
ابھی تک تودہ ہٹانے کے لیے کوئی امدادی کام شروع نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے علاقے کے عوام کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسی طرح تحصیل غازی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کے سبب کئی سڑکیں اور راستے بند ہو چکے ہیں۔
بند راستوں کی وجہ سے عام لوگوں کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے اور وہ پریشان حال ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے فوری امدادی کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔