وسطی ترکیہ کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ پر قابو پانے کی کوشش کے دوران دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں 10 فائر فائٹرز جاں بحق جبکہ 14 شدید جھلس کر زخمی ہو گئے۔ ترک وزیر زراعت و جنگلات کے مطابق جنگل کی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں بدستور جاری ہیں، اور درجنوں فائر بریگیڈ اہلکار اب بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
واقعہ بدھ کے روز اُس وقت پیش آیا جب 24 فائر فائٹرز آگ کے گھیرے میں آ گئے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 10 اہلکاروں کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ 14 جھلسے ہوئے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود امدادی ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔ آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹر اور زمینی عملہ مشترکہ طور پر آپریشن میں شریک ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کسی نامعلوم وجہ سے بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی ایکڑ پر پھیلے جنگل کو لپیٹ میں لے لیا۔ ترک حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ مقامی آبادی کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترکیہ میں حالیہ برسوں میں موسم گرما کے دوران جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہوا بلکہ ماحولیاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔