26 نومبر احتجاج کیس: عدالت نے پی ٹی آئی کے 12 کارکنان کو سزائیں سنادیں

0 minutes, 0 seconds Read

اسلام آباد میں بغیر اجازت احتجاج کے 3 مقدمات کے فیصلے آگئے، 26 نومبر احتجاج کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 12 کارکنان کو 6،6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی جبکہ ایک ملزم کو بری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں 2 عدالتوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو پاپو ایکٹ کیسز میں سزائیں سنا دی۔

ٹرائل کورٹ کی جانب سے ملزمان تحریک انصاف کے کارکنوں کو 6،6 ماہ قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں، عدالت نے 3 مقدمات تھانہ رمنا میں 2 اور تھانہ ترنول میں ایک کا فیصلہ سناتے ہوئے 12 کارکنوں کو سزا سنائی جبکہ ایک کارکن کو بری کردیا۔

فیصلے کے مطابق 26 نومبر کو بغیر اجازت جلسہ جلوس کرنے پر سزا سنائی گئی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر (پاپو) ایکٹ کے تحت مقدمات درج تھے۔

واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے تھانہ رمنا کے 2 مقدمات کے فیصلے سنائے جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے تھانہ ترنول کے مقدمے میں فیصلہ سنایا۔

دورانِ سماعت اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر محمد عثمان رانا نے اپنے دلائل میں کہا کہ 26 نومبر کا احتجاج پرامن اجتماع کے زمرے میں نہیں آتا، احتجاج نہ آئین کے تحت جائز تھا، نہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ریاست نے امنِ عامہ کی خاطر جائز، متناسب اور قانونی اقدامات کیے۔

عدالت میں دلائل دیتے ہوئے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج کا حق غیر مشروط نہیں، قانون شکنی پر گرفت ناگزیر ہے، 26 نومبر کے احتجاج کا مقصد ماورائے آئین مطالبات منوانا تھا۔

Similar Posts