بورے والا: سائیکل پر کپڑے فروخت کرنے والے محنت کش کی بیٹی نے میٹرک کے امتحان میں میدان مار لیا

0 minutes, 0 seconds Read

بورے والا میں میٹرک کے امتحانات میں سائیکل پر کپڑے فروخت کرنے والے محنت کش کی بیٹی نے میدان مارلیا۔ مقدس نے آرٹس گروپ میں 11 سو49 نمبرلے کر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ والدین خوشی سے نہال ہیں۔

گورنمنٹ ہائی اسکول مدینہ ٹاؤن، بورےوالا کی ہونہار طالبہ مقدس نے میٹرک امتحانات میں 1200 میں سے 1149 نمبر حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا، بلکہ بورےوالا کو ”سٹی آف ایجوکیشن“ ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا ہے۔

مقدس کا تعلق ایک محنت کش گھرانے سے ہے، ان کے والد گلی محلوں میں سائیکل پر کپڑا بیچ کر گزر بسر کرتے ہیں۔ محدود وسائل اور معاشی مشکلات کے باوجود مقدس نے نہ کوئی ٹیوشن پڑھی اور نہ ہی کسی اکیڈمی کا سہارا لیا، بلکہ اپنی محنت، لگن اور عزم سے گھر پر ہی تیاری کی اور شاندار کامیابی حاصل کی۔

اس تاریخی کامیابی کا کریڈٹ وہ اپنے والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور اسکول کی پرنسپل مس عابدہ اسلام کو دیتی ہیں، جنہوں نے ہر قدم پر طالبہ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی۔

یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر عزم صمیم ہو، تو حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں، کامیابی قدم چومتی ہے۔

Similar Posts