خیبرپختونخوا سے نومنتخب اراکین نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا لیا، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے دونوں اراکین سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس ہوا تاہم اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا سے 2 نو منتخب اراکین نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھالیا۔
سینیٹر طلحہ محمود اور روبینہ خالد سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے دونوں اراکین سے حلف لیا۔
نو منتخب رکن نیاز احمد نے بھی سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا لیا، نیاز احمد وفاقی وزیر امیر مقام کے صاحبزادے ہیں۔
سینیٹر طلحہ محمود اور روبینہ خالد نے رول آف ممبر پر دستخط کر دیے جبکہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے سینیٹر طلحہ محمود اور روبینہ خالد کو مبارکباد پیش کی گئی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا سے نومنتخب 11 سینیٹرز میں آزاد رکن مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی، نورالحق قادری شامل ہیں، مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، جے یو آئی کے عطا الحق اور پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود شامل ہیں۔
خواتین کی نشست پر آزاد رکن روبینہ ناز اور پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر آزاد رکن اعظم سواتی اور جے یوآئی کے دلاور خان سینیٹرز منتخب ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب سے حافظ عبدالکریم کامیاب ہوئے ہیں، یہ نشست ساجد میر کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان پر تنقید
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈپٹی چیئرمین ایوان کی صدارت کرتے ہیں، اپوزیشن سینیٹرز کی توہین کرتے ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ایوان کے قانون و رولز کا کچھ پتہ نہیں، انہیں سینیٹ کے طورطریقوں سے متعلق سمجھائیں۔ جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریری لکھ کرجمع کرادیں۔
نان فائلر کی کیٹیگری کو ختم کرنا ہوگا، بلال کیانی
وزیرمملکت بلال کیانی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نان فائلر کی کیٹیگری کو ختم کرنا ہوگا، نان فائلرز کو معاشی نظام سے بالکل ہی باہر کرنا ناممکن ہے، نان فائلرعارضی کیٹگری ہے جسے ختم کردیا جائے گا۔