وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چوہدری اور سینیئر سیاست دان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ ود عامر ضیا“ میں گفتگو کی۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ایک بھی کیس میرٹ پر نہیں، تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام جماعتیں حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کریں۔
آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ ود عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ایک بھی کیس میرٹ پر نہیں، تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارٹی قیادت میں تحریکی سیاست چلانے کی سکت نہیں، اپریل میں ہی عمران خان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا تھا۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی پر تنقید کرنا ”بے وقت کی راگنی“ ہے، نومولود قیادت کی زبان عامیانہ ہو چکی ہے، پی ٹی آئی میں شاید ہی کوئی شخصیت بچی ہو جسے متنازع نہ بنایا گیا ہو۔ انہوں نے پارٹی کو مشورہ دیا کہ سینئر قیادت کے خلاف گفتگو میں احتیاط برتی جائے۔
پروگرام میں شریک سینئر سیاست دان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے قبل ازیں گفتگو میں کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام جماعتیں حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کریں۔ ان کے مطابق آئینی اور شہری آزادی سلب ہو چکی ہے، موجودہ حکومت کو عوامی نمائندہ کہنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اجتماعات خودرو تحریکوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ معیشت کا سارا بوجھ تنخواہ دار طبقے اور کسان پر آ چکا ہے، مگر ان طبقات کا کوئی ترجمان نہیں۔ ان کے بقول سیاسی جماعتوں کا عوام سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے، اور پچھلے دو برسوں میں پی ٹی آئی کا تجربہ ناکام رہا، اب ضرورت ہے کہ ایک وسیع تر قومی ایجنڈے پر بات کی جائے۔