وسطی اسرائیل کے شہر نیتانیا کے قریب کار سوار نے بس اسٹاپ پر کھڑے اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 8 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔
نیوز ایجنسی فرانس 24 کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ زخمی ہونے والے تمام 8 افراد اسرائیلی فوجی ہیں۔پولیس کے مطابق ڈرائیور موقع سے فرار ہو کر گاڑی چھوڑ گیا جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
زخمیوں میں ایک 20 سالہ مرد اور ایک 18 سالہ خاتون شامل ہیں، جبکہ تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ تمام زخمی افراد اسرائیلی فوج کے اہلکار ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور گاڑی کو بیت لید کے علاقے میں چھوڑ کرفرار ہوگیا، پولیس اور شن بیت سکیورٹی ایجنسی کے مطابق گاڑی کا مالک ایک اسرائیلی شہری ہے، تاہم حکام کی جانب سے گاڑی چوری شدہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اس واقعے کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کا فطری ردعمل قرار دیا گیا ہے۔