کِس کیم تنازعے میں ایچ آر ہیڈ کے ساتھ پھنسے سابق سی ای او کا کولڈ پلے پر مقدمے کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

سابق آسٹرونومر کمپنی کے سی ای او اینڈی بائرن نے کولڈ پلے کے خلاف ممکنہ قانونی کارروائی کا سوچا ہے، یہ فیصلہ ان کے ساتھ ہونے والے ایک وائرل کس کیم ویڈیو کے بعد سامنے آیا ہے۔

کولڈ پلے کے حالیہ کنسرٹ کے دوران اس وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ سابق آسٹرونومر کمپنی کے سی ای او اینڈی بائرن کی زندگی میں طوفان کھڑا کردیا ہے۔

’سی ای او کِس کیم‘ واقعے کے بعد کولڈ پلے سنگر کی کانسرٹ سے پہلے دلچسپ وارننگ

اینڈی بائرن اب کولڈپلے اور کنسرٹ کے منتظمین کے خلاف ”جذباتی تکلیف“ اور ”پرائیویسی کی خلاف ورزی“ کے الزام میں قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

میساچوسٹس میں کولڈپلے کے شو کے دوران، کس کیم نے اینڈی بائرن اور کمپنی کی ایچ آر ہیڈ کرسٹن کیبوٹ کو ایک پیار بھرے اور پرائیویٹ لمحے میں پکڑ لیا۔ جیسے ہی یہ منظر اسکرین پر آیا، دونوں نے شرمندگی کے باعث اپنے چہرے چھپا لیے اور کیمرے سے منہ موڑ لیا۔

کِس کیم اسکینڈل: سی ای او کی نوکری گئی لیکن کمپنی نے ایچ آر ہیڈ کو کیوں نہ نکالا؟

کولڈپلے کے گلوکار کرس مارٹن نے اس موقع پر ہلکے پھلکے انداز میں کہا،”یا تو یہ دونوں افیئر کر رہے ہیں یا بہت شرمیلے ہیں۔“

یہ کلپ سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہو گیا، جہاں مداحوں نے دونوں کی گلے ملنے اور بوسہ لینے کی متعدد ویڈیوز شیئر کیں، جس سے آن لائن تنقید اور تنازعہ پیدا ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈی بائرن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی بنا پر کولڈپلے پر مقدمہ کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کی اجازت کے بغیر انہیں فلمایا اور عوامی طور پر ذلیل کیا گیا۔

ایک قریبی ذریعے نے بتایا،”اینڈی اس پوری صورتحال سے بہت مایوس اور جذباتی طور پر پریشان ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ کولڈپلے نے انہیں ایک مذاق اور میم بنا دیا ہے۔“

ایم ایس ڈی لائرز کے وکیل کیم رن دولت شاہی نے کہا کہ اگر مقدمہ دائر کیا گیا تو یہ ہتک عزت کے دعوے پر بھی مبنی ہو سکتا ہے، خاص طور پر کرس مارٹن کے ”افیئر“ والے تبصرے کی بنیاد پر۔ تاہم، انہیں ہتک عزت ثابت کرنے کے لیے یہ بھی بتانا ہوگا کہ ایسا کوئی رشتہ موجود نہیں تھا۔

اس واقعے کے فوری بعد، اینڈی بائرن اور کرسٹن کیبوٹ کو انتظامی چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ ہفتے کو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بائرن کے استعفیٰ کی تصدیق کر دی ہے۔ کرسٹن کیبوٹ نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینڈی بائرن کی ذاتی زندگی بھی اس واقعے سے متاثر ہوئی ہے، اور ان کی اہلیہ میگن کیریگن نے مبینہ طور پر ان کا فیس بک پروفائل سے نام ہٹا کر اپنا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے اور اپنے گھر سے نکل گئی ہیں۔

ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ واقعہ ایک عوامی کنسرٹ میں پیش آیا، جہاں تقریباً 70,000 افراد موجود تھے اور کیمرے لگے ہوئے تھے، اس لیے ذاتی رازداری کی توقع تقریباً معدوم ہے۔

ایک وکیل نے بتایا،”اس طرح کے کیس جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے، کیونکہ عوامی مقام پر کیمرے اور ہجوم کی موجودگی میں ذاتی پرائیویسی کی حد بہت کم ہوتی ہے۔“

اب تک کولڈپلے نے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا، لیکن ایک اندرونی ذرائع کے مطابق کرس مارٹن نے اس مقدمے کے بارے میں سن کر بلند آواز میں قہقہہ لگایا تھا۔

Similar Posts