رانا ثنااللہ کے بیان پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا ردعمل سامنے آ گیا

0 minutes, 0 seconds Read

مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ کے بیان پر وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا ردِ عمل سامنے آ گیا، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ راناثنا اگر بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ویلکم کرتے ہیں، ہم کینالوں پر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں نے رانا ثنا اللہ کا بیان دیکھا ہے اس میں وہ دو چیزیں ہیں، ایک تو وہ جو ٹیکنیکل بات کر رہے ہیں اس میں پیپلز پارٹی کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ان کینال سے نہ صرف پیپلز پارٹی کو بلکہ سندھ کی حکومت اور عوام کو سنگین خدشات ہیں۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ کے بیان پر وزیراطلاعات سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسری چیز یہ کہ اگر رانا ثنا اللہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ہم ویلکم کرتے ہیں، ہم کینالوں پر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ان سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی، وزیراعلٰی سندھ نے بھی کوشش کی اور وفاق کو خطوط لکھے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی واضح پالیسی دے چکے ہیں اور کل بھی انھوں نے حیدر آباد جلسے سے خطاب میں کہا تھا۔

پیپلز پارٹی وفاق کا حصہ ہے، پانی کے مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، رانا ثنا اللہ

صوبائی وزیر سندھ نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی سے بات چیت کو مثبت لے رہے ہیں، ہم اپنا مؤقف ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں۔ سندھ حکومت اس معاملے پر بات کرنے کیلئے تیار ہے۔

شرجیل میمن نے آج نیوز سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں مثبت رہنا چاہئے، ہمیں پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے کام کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پانی کی بچت کرنا اور غیرآباد علاقوں کو آباد کرنا حکومت یا کسی ادارے کی نہیں، 25 کروڑوعوام کی ضرورت ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نہروں کے معاملے کا اختتام وہ نہیں ہوگا جیسی دائیں بائیں سے کوششیں ہو رہی ہیں، یہ معاملہ احسن طریقے سے حل ہوجائے گا۔ جو شور کر رہا ہے اسے پتہ ہی نہیں کون سی نہر کہاں سے نکل رہی ہے۔

Similar Posts