غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کا بیان سامنے آگیا

0 minutes, 0 seconds Read

راولپنڈی میں غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کا بیان سامنے آگیا، ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق لڑکی کے قتل کو ابتدائی طور پر ملزمان نے اغوا کی شکل دینے کی کوشش کی، بعد ازاں قتل کے شواہد سامنے آگئے اب اس کیس میں پولیس مدعی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی فوجی کالونی میں غیرت کے نام پر لڑکی کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے تصدیق کی ہے کہ ابتدائی طور پر ملزمان نے واقعے کو اغوا کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم تفتیش آگے بڑھی تو اصل حقیقت کھل کر سامنے آگئی کہ لڑکی کو قتل کرکے لاش خاموشی سے دفنادی گئی۔

سی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ ملزمان نے کمال ہوشیاری سے قبر کے نشان بھی مٹا دیے، ہم ایسے معاملات کوسنجیدگی سے لیتے ہیں، پولیس نے خصوصی ٹیم بنائی، قبر تلاش کر کے سیکیورٹی لگائی گئی، سب سے اہم بات یہ ہے کہ مقدمے کی مدعیت اب پولیس اور اسٹیٹ کی ہے، مقدمے میں شامل دفعہ کے تحت صلح نہیں ہوسکتی۔

خالد ہمدانی نے کہا کہ مقدمے میں کچھ لوگ گرفتار ہیں، قبرستان کمیٹی کا چیئرمین اور گورکن گرفتار افراد میں شامل ہیں، واقعہ کی پوری پکچر پولیس کے سامنے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملوث افراد کی شناخت کی جا چکی ہے، معاملہ کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ اس جرم میں ملوث کوئی شخص قانون سے نہیں بچ سکے گا، قبرکشائی کا قانونی عمل شروع ہوچکا ہے۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ یقینی بنایا جائے گا کہ ہر زاویے سے تفتیش کرتے ہوئے مکمل تفصیلات عدالت کے سامنے لائی جائیں اور ملزمان کو سزا دلوائی جائے، قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد تمام تفصیلات میڈیا کے ذریعے قوم تک پہنچائی جائیں گی۔

یاد رہے کہ مقتولہ کو جرگے کے حکم پر گلا گھونٹ کر مبینہ طور پر قتل کیا گیا تھا، قتل کے بعد قبر کے نشانات تک مٹادیے گئے تھے۔

Similar Posts