عمیر رانا کی درفشاں سلیم کے ساتھ قریبی تعلق پر لب کشائی
پاکستانی اداکار عمیر رانا نے اداکارہ درفشاں سلیم کے ساتھ اپنے تعلق اور ان کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
عمیر رانا نے ایک نجی چینل کے لائیو شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ درفشاں سلیم کو شوبز میں ایک ساتھ کام کرنے سے بھی پہلے سے جانتے ہیں، کیونکہ وہ ماضی میں ان کی اہلیہ کی شاگرد رہ چکی ہیں۔ اس لیے وہ پہلے ہی ان کی شخصیت اور خاندانی پس منظر سے واقف تھے۔
درفشاں سلیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے اور ان کی شخصیت کے بارے میں سوال پر عمیر رانا نے کہا کہ درفشاں سلیم ایک تعلیم یافتہ، سلجھی ہوئی، وسیع النظر، خوش اخلاق، محنتی اور اپنے کام سے مخلص اداکارہ ہیں اور ان کے لیے اداکارہ کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا تجربہ رہا۔
عمیر رانا نے ڈرامہ ’عشق مرشد‘ کی شوٹنگ کے دنوں کو بھی یاد کیا اور بتایا کہ پوری کاسٹ نے سیٹ پر بہت اچھا وقت گزارا۔
ان کے مطابق انہیں اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ ہنسی مذاق کرنے اور انہیں چھیڑنے کا شوق ہے، خاص طور پر وہ بلال عباس کے ساتھ اکثر مذاق کرتے تھے۔
عمیر رانا نے بتایا کہ جب وہ بلال عباس کی ٹانگ کھینچتے تو درفشاں سلیم اپنی ہنسی پر قابو نہیں رکھ پاتی تھیں۔ بعض اوقات ڈرامے کے ہدایت کار فاروق رند کو بھی انہیں روکنا پڑتا تھا۔
اداکار کے مطابق یہی ہنسی مذاق شوٹنگ کے ماحول کو خوشگوار بنائے رکھتا تھا اور تمام فنکار سیٹ پر خوب محظوظ ہوتے تھے۔
واضح رہے کہ عمیر رانا پاکستان کے معروف ٹیلی ویژن اداکار ہیں، جو خاص طور پر منفی کرداروں میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے شوبز میں اپنے سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا، جہاں وہ اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہے۔
ان کے مشہور ڈراموں میں ’پیا بے درد‘، ’اُلّو برائے فروخت نہیں‘، ’پیار کے صدقے‘، ’زن مرید‘، ’دل ناامید تو نہیں‘، ’سنگِ مرمر‘، ’ہم کہاں کے سچے تھے‘، ’سنگِ ماہ‘ اور ’عشق مرشد‘ شامل ہیں۔