ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر برونسن ریڈ 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

عالمی شہرت یافتہ ریسلنگ کمپنی ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور آسٹریلوی ریسلر برونسن ریڈ طبی پیچیدگیوں کے باعث 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔

برونسن ریڈ کی وفات جمعہ 27 نومبر کو چل بسے۔ ان کا اصل نام جرمین ہیلی تھا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے بیان میں کہا کہ جرمین ہیلی المعروف برونسن ریڈ طبی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئے ہیں، تاہم کمپنی نے ان کی موت کا سبب بننے والی مخصوص بیماری یا طبی مسئلے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ہفتے قبل 7 نومبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والے ایونٹ کراؤن جیول کے دوران برونسن ریڈ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اگرچہ ان کا اس ایونٹ میں باقاعدہ مقابلہ طے نہیں تھا، لیکن انہوں نے اپنے ساتھی ریسلرز برون بریکر اور آسٹن تھیوری کے ورلڈ ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ میچ میں مداخلت کی تھی۔

اسی دوران ان کا اوبا فیمی سے تصادم ہوا جنہوں نے انہیں اسٹیج سے نیچے میزوں پر پھینک دیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں ان کی پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں، پھیپھڑے متاثر ہوئے تھے اور گردے میں بھی چوٹ آئی تھی۔

زخمی ہونے کے بعد برونسن ریڈ کو علاج کے لیے سعودی عرب میں ہی رہنا پڑاتھا۔ وہ 18 نومبر کو وطن واپس آگئے تھے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا ریاض میں لگنے والی چوٹیں ان کی موت کی وجہ بنیں یا نہیں۔

برونسن ریڈ ڈبلیو ڈبلیو ای کے مشہور گروپ دی ویژن کا حصہ تھے، جس میں برون بریکر، سیٹھ رولنز اور پال ہے مین بھی شامل تھے۔

انہیں رومن رینز کے ساتھ اپنے یادگار مقابلوں کے لیے بھی جانا جاتا ہے، جنہیں انہوں نے اکتوبر 2025 میں پرتھ میں ہونے والے کراؤن جیول ایونٹ کے دوران ایک اسٹریٹ فائٹ میں شکست دی تھی۔

یہ کامیابی ان کے کیریئر کی سب سے بڑی فتوحات میں شمار ہوتی تھی جس نے انہیں کمپنی کے ایک طاقتور ریسلر کے طور پر منوایا۔

حالیہ چوٹوں کی وجہ سے وہ رنگ سے دور تھے اور سروائیور سیریز وار گیمز کی تیاریوں میں بھی شریک نہیں ہو سکے تھے۔ انتقال سے قبل کمپنی نے ان کی رنگ میں واپسی کا کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔

برونسن ریڈ نے اپنے ریسلنگ کیریئر کا آغاز 2007 میں آسٹریلیا سے کیا اور بعد میں جونا راک کے نام سے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے 2019 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں شمولیت اختیار کی اور این ایکس ٹی نارتھ امریکن چیمپئن شپ جیتی۔ 2021 میں کمپنی سے علیحدگی کے بعد انہوں نے جاپان اور امپیکٹ ریسلنگ میں کام کیا اور پھر 2022 میں دوبارہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپس آ گئے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای نے برونسن ریڈ کے اہل خانہ، جن میں ان کی حاملہ اہلیہ پیج اور ان کی بیٹی شامل ہیں، کے علاوہ ان کے دوستوں، ساتھی ریسلرز اور مداحوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی نے انہیں ایک شاندار فنکار، اپنے خاندان سے بے حد محبت کرنے والا انسان اور ایک ہر دلعزیز ساتھی قرار دیا ہے۔

Related posts