اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل، اسجد محمود گرفتار
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں واقع مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ گھر کے مالک امان اللہ کے نام پر گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کے بعد انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے گھر سیل کرنے کے حکم کے بعد متعلقہ انتظامیہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کرنے کے لیے پہنچ گئی اور علاقہ مجسٹریٹ بھی رہائش گاہ کے باہر موجود ہیں، جبکہ پولیس نے رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے ہیں۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ گھر کے مالک امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں، جبکہ ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہو چکا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم ان کے پیش نہ ہونے کے باعث گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب جمیعت علماء اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے۔