افغانستان میں خواتین کو اُن کے نام سے پکارنے پر پابندی عائد؛ بی بی، بکری اور گائے کہنے کی ہدایت

افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے خواتین کے ذاتی ناموں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اب نام کی جگہ ’بی بی‘ یا دیگر القابات استعمال کرنے کی ہدایات سامنے آئی ہیں، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

زین نیوز اور برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کی ایک مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ بلخ میں صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خواتین کو ان کے نام کے بجائے ’بی بی‘ کہہ کر مخاطب کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ طبی نسخوں پر بھی اس ہدایت کے مطابق عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جرمنی میں مقیم افغان سماجی کارکن لالہ عثمانی نے ہسپانوی اخبار ’ایل پائس‘ کو بتایا کہ طالبان کی جانب سے بعض اوقات خواتین کے لیے ’بکری‘ اور ’گائے‘ جیسے الفاظ بھی استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرکاری دستاویزات میں خواتین کی شناخت ان کے ذاتی نام کے بجائے کسی مرد رشتہ دار کی بیوی یا بیٹی کے طور پر درج کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان کے کئی حصوں میں کسی خاتون کا نام عوامی سطح پر لینا یا ظاہر کرنا اس کے شوہر یا خاندان کی عزت کے خلاف سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث قبروں کے کتبوں سے بھی خواتین کے نام حذف کر دیے جاتے ہیں۔

طالبان کے زیرِ کنٹرول افغانستان میں خواتین پر پہلے ہی تعلیم اور روزگار کے دروازے بند ہیں، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو لباس کے سخت ضابطوں کی پابندی کرنا پڑتی ہے، حتیٰ کہ گرمیوں کے مہینوں میں جب درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، تب بھی انہیں مکمل پردے اور ہر وقت کسی مرد محرم کے ہمراہ رہنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے اوائل میں طالبان نے 90 صفحات پر مشتمل ایک نیا فوجداری ضابطہ نافذ کیا جس پر طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کے دستخط موجود ہیں۔

اس ضابطے میں معاشرے میں سماجی حیثیت کی بنیاد پر سزاؤں کے مختلف درجات مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ آرٹیکل 9 کے تحت افغان معاشرے کو چار طبقات یعنی علما، اشرافیہ، متوسط طبقے اور نچلے طبقے میں تقسیم کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق اس ضابطے میں ملزمان کو آزاد یا غلام کے زمروں میں رکھا گیا ہے اور خواتین کو غلاموں کے مساوی سطح پر قرار دیا گیا ہے۔

ضابطے کی شقوں کے تحت شوہروں کو اپنی بیویوں یا ماتحت افراد کو جسمانی سزا دینے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ کسی عالم یا اشرافیہ کے رکن کی جانب سے جرم کی صورت میں معاملہ محض نصیحت یا عدالتی طلبی تک محدود رہتا ہے۔

اسی جرم پر متوسط طبقے کے فرد کو قید اور نچلے طبقے کے فرد کو جسمانی سزا اور قید دونوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

فوجداری ضابطے کے مطابق سنگین جرائم پر جسمانی سزا علما نافذ کریں گے، تاہم کم سنگین معاملات میں شوہروں کو اپنی بیویوں کو صوابدیدی سزا دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔

خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق آرٹیکل 32 میں کہا گیا ہے کہ اگر شوہر بیوی کو لاٹھی سے مارے اور اس کے نتیجے میں زخم یا جسم پر شدید نیل پڑنے جیسا نقصان ہو اور خاتون جج کے سامنے اسے ثابت کر سکے، تو شوہر کو 15 روز قید کی سزا سنائی جائے گی۔

تاہم مبصرین کے مطابق اس میں عملی تضاد یہ ہے کہ خاتون کو عدالت میں اپنے زخم ثابت کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل پردے میں رہنا لازم ہے اور اس کے ہمراہ مرد محرم کی موجودگی بھی ضروری ہے، جو عموماً شوہر ہی ہوتا ہے۔

اس نئے ضابطے میں خواتین کے خلاف جنسی یا نفسیاتی تشدد کی مذمت یا ممانعت شامل نہیں کی گئی، جبکہ گھریلو تشدد سے بچنے کے لیے خواتین کو اپنے میکے یا خاندان کے پاس پناہ لینے سے بھی روکا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مئی میں طالبان نے ایک نئے ضابطے کے تحت کم عمری کی شادی کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا، جس میں نابالغ افراد کی شادیوں کے قواعد اور غیر شادی شدہ لڑکیوں سے متعلق مخصوص ہدایات طے کی گئیں۔

’زوجین کے درمیان علیحدگی کے اصول‘ کے عنوان سے 31 آرٹیکلز پر مشتمل اس ضابطے میں شادی ختم کرنے کی مختلف مذہبی و قانونی شرائط بیان کی گئی ہیں، جن میں کم عمری کی شادی، رضاعت، جبری علیحدگی، لاپتا شوہر، ارتداد اور بدکاری کے الزامات شامل ہیں۔

افغان آزاد نشریاتی ادارے ’آمو ٹی وی‘ کے مطابق اس ضابطے کے آرٹیکل 5 کے تحت اگر کسی بچے کی شادی والد یا دادا کے علاوہ دیگر رشتہ دار طے کریں تو وہ قانونی طور پر درست ہوگی بشرطیکہ شریک حیات سماجی طور پر ہم پلہ ہو اور مہر مناسب ہو، جبکہ بچہ بلوغت کو پہنچنے کے بعد صرف عدالتی حکم کے ذریعے شادی کی منسوخی کی درخواست دے سکتا ہے۔

دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر شادی شدہ لڑکی کی خاموشی کو شادی کی رضامندی تصور کیا جائے گا، جبکہ مرد یا پہلے سے شادی شدہ خاتون کی خاموشی پر یہ اصول لاگو نہیں ہوگا۔

دوسری جانب افغانستان میں بگڑتے ہوئے انسانی اور معاشی بحران کا سب سے زیادہ اثر بھی خواتین اور بچیوں پر مرتب ہو رہا ہے، جہاں شدید غربت کے باعث بعض والدین خوراک کے حصول کے لیے اپنی کم عمر بیٹیوں کی زیادہ عمر کے مردوں سے مالی عوض شادی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

دی گارڈین کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں ہر چار میں سے تین افراد اپنی بنیادی یومیہ ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں اور معاشی بحران میں شدت کے ساتھ اس رجحان میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related posts