کینسر کے مریضوں کے لیے برطانوی شہزادی کی دستاویزی فلم کب نشر ہوگی؟
برطانیہ کی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر کے علاج کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور صحت یابی کے سفر پر ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے، اس فلم کے ذریعے شہزادی اُن لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہیں جو اس بیماری سے گزر رہے ہیں۔ فلم میں انکی نجی زندگی کے ایسے پہلو پر بھی بات کی گئی ہے جن کے بارے میں شاہی خاندان کی جانب سے پہلے کم ہی بات کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 44 سالہ شہزادی کیٹ کی یہ دستاویزی فلم اتوار 29 نومبر کو بی بی سی پر نشر کی جائے گی۔ شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ اس فلم کے ذریعے کینسر سے متاثرہ افراد اور علاج کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہیں۔
فلم میں کیٹ کو برطانیہ کی تین بلند ترین چوٹیوں کو 24 گھنٹوں میں سر کرنے کے چیلنج میں حصہ لیتے دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ مہم رواں سال جون میں مکمل کی تھی، جس کا مقصد رائل مارسڈن کینسر چیریٹی کے لیے رقم جمع کرنا تھا۔ کیٹ نے اس سفر کو ایک ذاتی اور روحانی تجربہ قرار دیا ہے۔
چیریٹی چیلنج کے دوران شہزادی کے بھائی جیمز مڈلٹن انہیں ان کے تین بچوں، جارج، شارلٹ اور لوئس کے ریکارڈ کیے گئے پیغامات سناتے ہیں۔ بچوں کی آوازیں سن کر کیٹ رونے لگتی ہیں۔ وہ اپنے بھائی سے کہتی ہیں کہ بچوں نے انہیں اسپتال سے باہر آنے کی وجہ دی اور اب وہی انہیں اس مہم کو مکمل کرنے کا حوصلہ دیں گے۔
کیٹ نے مارچ 2024 میں بتایا تھا کہ پیٹ کی بڑی سرجری کے بعد ہونے والے ٹیسٹ میں کینسر کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد ان کا علاج شروع کیا گیا۔ اس وقت کینسر کی نوعیت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔ کیموتھراپی کے کورس کے بعد اب وہ بیماری سے نجات کی حالت، یعنی ریمیژن میں ہیں۔
دستاویزی فلم میں کیٹ نے اسپتال میں گزارے گئے وقت کو بھی یاد کیا۔ ان کے مطابق اسپتال کا ماحول بہت مختلف اور اجنبی محسوس ہوتا تھا، جہاں تازہ ہوا اور ہریالی نہیں ہوتی۔ وہ کہتی ہیں کہ اس دوران انہیں خوف اور ذہنی الجھن کا سامنا رہا اور بعض اوقات وہ ہوش میں بھی نہیں رہتی تھیں۔
فلم میں کیٹ کینسر کے دیگر مریضوں سے بھی ملاقات کرتی ہیں۔ وہ بتاتی ہیں کہ بیماری نے انہیں اپنی زندگی کی حقیقت اور موت کے امکان کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔ ان کے بقول، ایسے تجربے کے بعد پہلے جیسی شخصیت اور زندگی کی طرف واپس لوٹنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
شہزادی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا بھی ہے جنہوں نے علاج کے دوران ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کا تجربہ ہر مریض سے مختلف ہے اور ان کی باتیں دوسروں کے دکھ یا تکلیف کو کم نہیں کر سکتیں، تاہم کیٹ امید کرتی ہیں کہ ان کی کہانی لوگوں کو مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی اہمیت یاد دلائے گی۔
کیٹ کا کہنا ہے کہ زندگی میں مشکلات کے باوجود خوبصورتی اور خوشی کے لمحے مل سکتے ہیں، اور کسی کو بھی یہ محسوس نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اپنی آزمائش میں اکیلا ہے۔
بی بی سی پر نشر ہونے کے بعد یہ دستاویزی فلم امریکا کے این بی سی، آسٹریلیا کے چینل 9 اور کینیڈا کے سی ٹی وی اور نووو پر بھی دکھائی جائے گی۔