ایم کیو ایم کا 29 نومبر کی ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 29 نومبر کو ہونے والی ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمشنر کراچی نے پولیس رپورٹس کی روشنی میں جماعت کو ریلی اور جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد ایم کیو ایم نے ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے کچھ دیر میں ریلی اور جلسے کی منسوخی کا باضابطہ اعلان متوقع ہے، اور اس موقع پر ایک پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ لائحہ عمل بھی سامنے لایا جائے گا۔
کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم رہنما طحٰہ احمد کو ایک خط کے ذریعے اجازت نہ دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سندھ ترقی پسند پارٹی اور دیگر قوم پرست جماعتوں نے بھی 29 نومبر کو شاہراہِ فیصل پر ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے ممکنہ تصادم کے خدشے کے پیش نظر ایم کیو ایم پاکستان سے ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔