اپنا بزنس خود کرتی ہوں، والد کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا: مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کی معاشی خودمختاری کو حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا کاروبار خود کرتی ہیں اور انہیں اپنے والد کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا۔ انہوں نے دسمبر میں ملتان کے طلبہ کو اسکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
ہفتے کو ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں اور خطے کی خوشحالی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی لڑکیاں تعلیمی شعبے میں بہت آگے ہیں اور تعلیمی میدان میں یہاں کی بیٹیوں کی کارکردگی قابل فخر ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین گھر کے ساتھ ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہیں، اس لیے طالبات اپنے ذہنوں کو کھلا رکھیں اور خود کو کمتر نہ سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ تین سال قبل کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پنجاب کو ایک خاتون چلائے گی۔
اپنے ماضی اور دوران قید پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ جیل کا ماضی یاد نہیں کرنا چاہتیں جہاں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیل میں انہیں ہراساں کیا گیا، تاہم اس سلوک نے ان کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔
حکومتی ترجیحات اور تقرریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج پنجاب کی ترقی اور خدمات کے معترف صرف صوبے ہی نہیں بلکہ باہر کی دنیا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہر چیز تبدیل نہیں کر سکتیں البتہ قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کر سکتی ہیں، کیونکہ میرٹ ان کی ترجیح ہے اور وہ سفارش پر سرخ لکیر کھینچتی ہیں، جبکہ اعلیٰ سطح پر سفارش، جنس اور تعصب کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے مطابق آئندہ ماہ دسمبر میں ملتان کے طلبہ کو اسکوٹیز کی فراہمی سمیت جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں پر عمل درآمد کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔