مجھے اپنے ہی گھر میں صرف ایک کمرہ ملا ہے، امیتابھ بچن کی دلچسپ شکایت
بولی ووڈ کے شہنشاہ کہلانے والے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن پردے پر تو بڑی بڑی سلطنتوں کے مالک نظر آتے ہیں، لیکن حقیقی زندگی میں وہ اپنے ہی عالیشان گھر کے صرف ایک کمرے تک محدود ہیں۔
امیتابھ بچن نے اپنی نجی زندگی کا یہ دلچسپ اور مزاحیہ راز مشہور کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے اٹھارہویں سیزن میں خود فاش کیا ہے۔
شو کے دوران ایک امیدوار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہنستے ہوئے شکایت کی کہ ان کے عالیشان گھر کے باقی تمام کمروں پر ان کی اہلیہ جیا بچن کا قبضہ ہے اور شوہر کے حصے میں صرف ایک چھوٹا سا کمرہ ہی آتا ہے۔
یہ دلچسپ گفتگو اس وقت شروع ہوئی جب ہاٹ سیٹ پر بیٹھے امیدوار دیپک نے اپنے پیشے کے بارے میں بتایا کہ وہ دیواروں پر پینٹنگ کرنے والے فنکار ہیں۔
ان کے فن سے متاثر ہو کر امیتابھ بچن نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بھی اپنے کمرے کی دیواروں پر ایسا ہی کام کروانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں وضاحت کی کہ جیا بچن کے پاس کھانے کا الگ کمرہ، بیٹھنے کا الگ کمرہ اور دیگر ضروریات کے لیے بھی مختلف کمرے موجود ہیں، اس لیے ان کے گھر میں زیادہ جگہ باقی نہیں بچتی ہے۔
امیتابھ بچن نے مزید بتایا کہ جیا بچن کو دیواروں پر مصوری کروانے کا بہت شوق ہے۔ انہوں نے اپنے گھر کی چاروں بیرونی دیواروں پر روایتی وارلی آرٹ بنوایا ہوا ہے جو دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتا ہے۔
وارلی آرٹ وہ روایتی آرٹ ہے، جس میں سادہ جیومیٹریائی اشکال، مثلاً دائرے، تکون اور لکیروں کے ذریعے انسانی زندگی، رقص، قدرت اور روزمرہ سرگرمیوں کے مناظر پیش کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن نے فلم زنجیر سمیت کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد 3 جون 1973 کو شادی کی تھی۔ ان کی شادی جیا بچن کے گھر پر ایک سادہ تقریب میں ہوئی تھی۔
اس جوڑے کے دو بچے ہیں، جن میں 1974 میں پیدا ہونے والی بیٹی شویتا بچن اور 1976 میں پیدا ہونے والے بیٹے ابھیشیک بچن شامل ہیں۔
جیا بچن اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں جب انہوں نے اپنے خاندان کو وقت دینے کے لیے باقاعدہ اداکاری سے وقفہ لیا۔ انہوں نے گڈی، ابھیمان، چپکے چپکے، ملی اور سلسلہ جیسی یادگار فلموں میں شاندار اداکاری کی۔
1981 میں ریلیز ہونے والی فلم سلسلہ کے بعد انہوں نے فلموں سے ایک طویل وقفہ لیا اور پھر تقریباً دو دہائیوں بعد 1998 میں گووند نہلانی کی فلم ہزار ’چوراسی کی ماں‘ کے ذریعے بڑی اسکرین پر واپسی کی۔
ا