بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کرکٹ ماہر سارو گنگولی نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے مقابلے کی کھل کر حمایت کردی۔ انہوں نے کھیل کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سارو گنگولی نے اس میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’جو کچھ پہلگام میں ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے، اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ لیکن ہمیں کھیل کو روکنے نہیں دینا چاہیے۔ دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے، لیکن کھیل جاری رہنا چاہیے۔ یہ سب ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا میرے نزدیک بالکل درست ہے، اور شائقین کو ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
ایشیا کپ امارات میں شیڈول، وکرانت گپتا بھارتی کرکٹ بورڈ پر برس پڑے
واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک دہشتگرد حملے کے بعد متعدد بھارتی میڈیا اداروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے مطالبات سامنے آئے تھے۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ امریکا پہنچ گیا
ذرائع کے مطابق، BCCI نے ایشین کرکٹ کونسل کی حالیہ میٹنگ میں ایشیا کپ 2025 میں شرکت کی باقاعدہ منظوری دے دی تھی۔ چونکہ بھارت کو اس بار ایشیا کپ کی میزبان قوم قرار دیا گیا ہے، اس لیے اب کسی قسم کی واپسی کا امکان موجود نہیں۔
ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو طے پایا ہے۔ امکانات ہیں کہ روایتی حریف کم از کم دو بار اور زیادہ سے زیادہ تین بار آمنے سامنے آئیں گے۔