پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں اہم پیشرفت کا امکان، وزیرخزانہ امریکا روانہ

0 minutes, 0 seconds Read

پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب پاک امریکا تجارتی مذاکرات کی تکمیل کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ دورے کے دوران پاک امریکا تجارتی مذاکرات پر حتمی بات چیت ہوگی، تجارتی معاہدے کی تشکیل سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ ہوگا۔

وزارت خزانہ نے مزید بتایا کہ مضبوط تجارتی اور معاشی تعلقات پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہیں، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، پاکستان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو روایتی شعبوں تک وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، معدنیات اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا دورہ امریکا دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کڑی ہے۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان، واشنگٹن سے امداد نہیں تجارت چاہتا ہے، امریکی مصنوعات کو پاکستان میں زیادہ رسائی دینے جا رہے ہیں، امریکا کے ساتھ بہت جلد تجارتی معاہدہ ہو جائے گا۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے اٹلانٹک کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو سے ملاقات مفید رہی، امریکی ہم منصب سے ملاقات میں باہمی شراکت داری پر زور دیا، پاک-بھارت جنگ بندی میں امریکا کے کردار کو سراہا تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ عالمی معیشت دباؤ میں ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی، حکومت سنبھالنے کے بعد معاشی چیلنجز کا سامنا رہا، پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آچکا۔

نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آچکا، دہشت گردی اب بھی ایک چیلنج ہے، پاکستان، امریکا سے امداد نہیں بلکہ تجارت چاہتا ہے، مزید کہا کہ پاکستان بہت جلد امریکا سے تجارتی معاہدہ چاہتا ہے، پاکستان امریکی منڈیوں تک مؤثر رسائی چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات امریکا جاتی ہیں، امریکی مصنوعات کو پاکستان میں زیادہ رسائی دینے جا رہے ہیں۔

Similar Posts