پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ماحولیاتی بہتری اور اسموگ کے خاتمے کے لیے انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو شہری اپنی پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کریں گے، انہیں حکومتِ پنجاب کی جانب سے ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پی ایچ اے نے ’’پلانٹ فور پاکستان‘‘ کے تحت درخت لگانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ مہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے گرین پنجاب وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد پنجاب میں اربن فاریسٹ اور گرین کور کو فروغ دینا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی پہلی ’’اسموگ گن‘‘ کو کل میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا، جبکہ شہر میں اسموگ کے خاتمے کے لیے ایک مکمل ٹیکنالوجی بیسڈ فائر کنٹرول فورس بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں بینک آف پنجاب مکمل نگرانی کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ شہری اگر گھروں اور دکانوں میں روایتی لائٹس کو ایل ای ڈی میں تبدیل کریں گے تو انہیں ’’کاربن گرین کریڈٹ‘‘ دیا جائے گا، جو کہ بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی فائدہ تصور کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ”پلانٹ فور پاکستان“ کا ہدف 5 کروڑ درخت تھا، جس کی میپنگ اور مانیٹرنگ جدید آسٹریلوی طرز کی ٹیکنالوجی سے کی جا رہی ہے اور رواں سال یہ سسٹم مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ فاریسٹ لائن کو ناجائز قبضہ مافیا سے واگزار کروایا جا چکا ہے اور اب اس کی حفاظت اور وسعت وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ لاہور کو سرسبز بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
لاہور کے شہری اب 1399 پر کال کر کے گھر بیٹھے پی ایچ اے کا پودہ منگوا سکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ سہولت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا لاہور کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ لاہور کی رنگ روڈ کے ارد گرد 3 لاکھ نئے پودے لگائے جائیں گے جبکہ ایئر کوالٹی کی مانیٹرنگ کے لیے 7 جدید سسٹمز نصب کیے جا چکے ہیں۔
آخر میں انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر نہ صرف لاہور کو خوبصورت بنائیں بلکہ اسموگ کے خلاف حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بھی کردار ادا کریں۔