پاکستان سے میچ منظور نہیں! بھارتی میڈیا ایشیا کپ ختم کرانے پر اڑ گیا

0 minutes, 0 seconds Read

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کے اعلان کے بعد بھارت میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ٹورنامنٹ کا فیصلہ ہونے پر بھارتی میڈیا سمیت بھارتی کرکٹرز اور سیاستدانوں نے رونا دھونا شروع کردیا۔ بھارتی ایوانوں اور میڈیا پر مودی سرکار سے ایشیا کپ کے بائیکاٹ کا مطالبہ بڑھنے لگا۔

بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ مودی سرکار ایشیاکپ میں پاکستان کو واک اوور دینے کے حق میں نہیں ہے، پاکستان کو کسی صورت واک اوور نہیں دیا جائے گا، اگر واک اوور دیا تو پاکستان جیت جائےگا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ بھارت کا ٹورنامنٹ ہے اس میں پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیئے، بھارت نہیں کھیلے گا تو ٹورنامنٹ بھی نہیں ہوسکتا، بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کا کھیلنا کسی صورت قبول نہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی ایوانوں میں بھی ایشیاکپ کے بائیکاٹ کی ڈیمانڈ ہورہی ہے، بھارتی ایوانوں میں اپوزیشن نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت سب کچھ بند ہے تو کرکٹ کیوں ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں یو اے ای میں 9 ستمبر سے کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان اور بھارت 14 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔

گروپ اے میں بھارت، پاکستان، یو اے ای اور عمان کو رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔

اس ٹورنامنٹ سے متعلق ایک اور بڑی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں پاک بھارت ٹیمیں کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 3 مرتبہ آمنے سامنے آسکتی ہیں۔

Similar Posts