پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا افتتاح، کرایہ کتنا ہوگا؟

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہبازشریف نے پاک بزنس ایکسپریس کا افتتاح کردیا، ٹرین لاہور سے کراچی ساڑھے 18 گھنٹےمیں پہنچے گی، جس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 5100 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بزنس ایکسپریس ٹرین لاہور تا کراچی اور لاہور ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی کوچز کا معائنہ کیا۔

ریلوے کا پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دنیا میں کلیدی کردار ہے، وزیراعظم

لاہور میں پاک بزنس ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدتوں بعد لاہور ریلوے اسٹیشن آنے کا موقع ملا، ریلوے اسٹیشن آکر خوشی ہوئی، ایک خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی، عام مسافروں کے لیے ٹرین کی تزئین و آرائش بہتر انداز میں کی گئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹکٹ کا پرانا نظام ختم کرکے جدید ڈیجیٹائز سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، صاحب حیثیت لوگوں کے لیے بزنس کلاس، برتھ، کچن اور ڈائننگ ہال کی سہولیات ہیں، اشرافیہ نہیں عام آدمی کے لیے شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی ریلوے کی طرز پر پاکستان بزنس ایکسپریس کی تزین وآرائش کی گئی، پی ڈی ایم دور میں خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی، انہوں نے ریلوے کی اراضی واگزار کرانے، ریلوے اسٹیشنز بہتر بنانے پر متعدد بار بریفنگ دی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کو بھی خدمات پر کریڈٹ دیا جانا چاہیئے، ریلوے کا پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دنیا میں کلیدی کردار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہریلوے کو ٹھیک کرنے کی ذمہ داری حنیف عباسی کو سونپی، ریلوے کے حوالے سے میرا خوب شرمندہ تعبیر ہوتا نظر آرہا ہے، ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آرہی ہے، ریلوے میں مثبت تبدیلیاں اچھی لگتی ہیں، یہ پہلا قدم ہے ابھی بہت منزلیں طے کرنی ہیں، ملک کے دیگر شہروں کی ٹرینوں کو بھی اسی طرز پر چلانا ہے۔

پاک بھارت جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت سے جنگ جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان نے جنگ میں بھارت کو تاریخی شکست دی، جنگ میں فتح کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا، فوج نے دلیری اور مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، تینوں مسلح افواج نے بھرپور تیاری کے ساتھ بھارت کا مقابلہ کیا۔

وزیراعظم کے بقول امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی بار کہا کہ انہوں نے جنگ رکوائی، یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کی زندہ مثال ہے، امریکا کے ساتھ ازسر نو تعلقات استوار کررہے ہیں۔

وزیراعظم کی ملک کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، وزیر ریلوے

اس موقع پر وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کی کاوشوں سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا، وزیراعظم کی ملک کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پاکستان کے اقدامات کے باعث بھارت عالمی سطح پر پسپا ہوا۔

ریلوے کا ادارہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ترقی کررہا ہے، ریلوے کے اسپتالوں اور اسکولوں کو آؤٹ سورس کررہے ہیں، ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں، کراچی سے روہڑی کے ٹریک کو مزید بہتر کریں گے، ریلوے ٹریک کی بہتری کے لیے 250ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

Similar Posts