گلگت بلتستان میں خاتون جرمن کوہ پیما لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی ہیں۔ ترجمان جی بی حکومت کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو عمل جاری ہے، تاہم خراب موسم کی وجہ سے آپریشن میں تعطل آ رہا ہے۔
جرمن اولمپک طلائی تمغہ جیتنے والی اور سابق ایتھلیٹ ڈاہلمائر لورا گھانچے میں واقع لیلا پیک پر کوہ پیمائی کے دوران حادثے میں شدید زخمی ہوگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، 31 سالہ لورا پتھر لگنے سے گزشتہ روز شدید زخمی ہوئیں۔ وہ تقریباً 5,700 میٹر کی بلندی پر تھیں جب حادثہ پیش آیا۔
لورا کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے، تاہم ذرائع کے مطابق ان کی زندگی بچنے کے چانس وقت گزرنے کے ساتھ معدوم ہو رہے ہیں۔ ڈاہلمائر نے مئی 2019 میں 25 سال کی عمر میں پیشہ ورانہ کھیلوں سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ افواج پاکستان کے تعاون سے جرمن کوہ پیماؤں کے لیے ریسکیو کارروائی جاری ہے۔ ہیلی کاپٹر تیار کر لیا گیا ہے تاہم خراب موسم کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں تعطل آیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی موسم بہتر ہوگا، ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔