’فرق نہیں پڑتا، اپنی مردہ معیشت بھلے ڈبو دو‘: ٹرمپ بھارت پر شدید غصہ

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے خلاف سخت الفاظ اور سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد نیا ٹیرف (محصول) لاگو ہوگا، ساتھ ہی روس سے عسکری اور توانائی کے شعبے میں تجارت پر ایک اضافی ”سزا“ بھی عائد کی جائے گی۔ ٹرمپ نے یہ اعلان اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری ایک دھواں دار بیان میں کیا۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے بھارت کی معیشت کو ”مردہ“ قرار دے دیا۔

امریکی صدر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بھارت اور روس اپنی مردہ معیشت کو ساتھ میں ڈبو دیں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘ انہوں نے مزید کہا، ’بھارت نے ہمیشہ تجارت کے میدان میں امریکا کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ ان کے ٹیرف دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اور نان مانیٹری رکاوٹیں انتہائی بدتمیز اور سخت ہیں۔‘

امریکی صدر کا ’پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر‘ نکالنے سے متعلق معاہدے کا اعلان، بھارت پر طنز

امریکی خبر رساں ادارے ”سی این بی سی“ کے مطابق، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت کے روس کے ساتھ تعلقات خاص طور پر دفاعی معاہدوں اور توانائی کی خریداری نے مغربی دنیا کے لیے خطرہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور چین روس سے توانائی کے سب سے بڑے خریدار ہیں، اور ایسے وقت میں جب دنیا چاہتی ہے کہ روس یوکرین میں خونریزی بند کرے، بھارت کھل کر روس کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت امریکا کا تجارتی اتحادی ہونے کے باوجود کبھی بھی اعتماد کے قابل نہیں رہا، کیونکہ اس نے ہمیشہ اپنے مفادات کی خاطر روس کے ساتھ کھڑا ہونے کو ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھارت کے ساتھ بہت کم تجارت کی ہے، اور جو بھی کی گئی وہ بھی یکطرفہ نقصان دہ رہی ہے۔

پاک-امریکا معاہدے میں کامیابی: بھارت کی ’ناں‘ نے پاکستان کی ’ہاں‘ کو جتوایا؟

ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا کا بھارت کے ساتھ ’تجارتی خسارہ شدید ’ ہے، اور اب اس خسارے کو ختم کرنے کے لیے یکطرفہ اقدامات ضروری ہو چکے ہیں۔

ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر لگائے گئے اضافی محصولات اور پابندیوں کے بعد مودی حکومت سخت دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ بھارت کی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ وہ اس اقدام کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم ماضی کی طرح ایک مبہم اور دفاعی بیان کے علاوہ کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔

Similar Posts