خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی مشال یوسفزئی سینیٹر منتخب ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختوںخوا میں سینیٹ الیکشن پر گنتی کا عمل مکمل ہوگیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مشال یوسفزئی 86 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئیں۔
اپوزیشن کے مہتاب ظفر نے 53 ووٹ حاصل کیے، آزاد امیدوار صائمہ خالد نے ایک ووٹ حاصل کیا جبکہ 2 ووٹ مسترد کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی سینیٹ الیکشن کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہی، دوران ووٹنگ بیلٹ پیپر باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایوان کی کل تعداد 145 ہے، جس میں پی ٹی آئی حکومتی اراکین کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن اراکین کی تعداد 53 ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے اراکین کی تعداد 18، 18 ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے 10، عوامی نیشنل پارٹی کے 4 اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے اراکین کی تعداد 3 ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے خواتین نشست پر مشال یوسفزئی کو ٹکٹ جاری کیا تھا اور پارٹی کے دیگر امیدواروں کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پیپلز پارٹی کی امیدوار راحیلہ بی بی مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئی تھیں، انہوں نے الیکشن سے دستبرداری کے لیے ریٹرننگ آفیسر کو خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ (ن) لیگ کا ساتھ دیں گی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صائمہ خالد نے سینیٹ انتخاب سے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا، صائمہ خالد نے اپنے تحفظات سے متعلق پارٹی کو آگاہ کردیا تھا۔
یاد رہے کہ سینیٹ کی مذکورہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، انتخاب میں کسی بھی امیدوار کو جیتنے کے لیے 73 ووٹ درکارتھے۔
سینیٹر منتخب ہونا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، مشال یوسفزئی
سینیٹر منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشال یوسفزئی نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شکر گزار ہیں، سینیٹر منتخب ہونا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
ان کے بقول 5 ماہ سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے سپورٹ کیا اور ووٹ بھی دیا۔
مشال یوسفزئی نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات میں آج نہ پیسہ چل سکا نہ کسی کا زور چل سکا، ایک ایم پی اے بیمار ہے اور 4 ووٹ مسترد ہوئے ہیں، ہمارا کوئی ووٹ اپوزیشن کو نہیں ملا۔
آج تحریک انصاف کے 6 ممبر کے ووٹ سلپ پو گئے، اپوزیشن لیڈر
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعباد خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف بات کی ہے، آج تحریک انصاف کے 6 ممبر کے ووٹ سلپ پو گئے، یہ ووٹ ہمیں مل سکتیں ہے تو پھر آگے کیا ہوگا، ہمارے 2 ممبران نے آج ووٹ نہیں دیا۔
صحافی کے حکومتی ووٹ سلپ ہونے کی وضاحت کے سوال پر ڈاکٹرعباد خان نے کہا ہے کہ یہ کام ہمارا نہیں ہے، یہ حکومت کا ہے وہ اپنے ووٹ گنے۔