سعودی عرب کے شہر طائف کے تفریحی پارک میں جھولا ٹوٹنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر طائف میں واقع گرین ماؤنٹین پارک میں ایک تفریحی جھولا اچانک دو حصوں میں ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حادثے نے لمحوں میں خوشی کو خوف و ہراس میں بدل دیا۔
واقعے کی ہولناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھولے پر موجود افراد محفوظ نظر آ رہے تھے لیکن جیسے ہی جھولا بلندی کی طرف گیا، وہ زور دار دھماکے کے ساتھ درمیان سے ٹوٹ گیا۔
اس منظر نے دیکھنے والوں کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں زخمی افراد چیخ رہے تھے اور زمین پر گر رہے تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سیکیورٹی اور ہنگامی خدمات کے ادارے نے فوری طور پر ایکشن لیا جبکہ متعلقہ حکام نے جھولے میں خرابی کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔