ضلعی انتظامیہ لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے نشتر ٹاؤن سے 3 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرفتارکر لیا۔ نوسربازوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے 3 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار کر لیے۔ جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تحصیل نشتر ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔ تینوں نوسر بازخود کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بتا کر اشیا کی قیمتیں چیک کر رہے تھے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی موقع پر پہنچ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر نے تینوں نوسر بازوں کو رنگے ہاتھوں کو پکڑا۔
ڈپٹی کمشنر لاہورکے مطابق تینوں جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ نوسربازوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہری نو سر بازوں سے ہوشیار رہیں، جہاں کہیں کرپٹ اور بلیک میلنگ عناصر پائیں، فوری اطلاع دیں۔