سابق لیجنڈری ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ اسٹار ہلک ہوگن کی موت کی اصل وجہ ایک ہفتہ بعد سامنے آ گئی۔
اے بی سی نیوز کے مطابق 71 سال کی عمر میں موت کی شکار بننے والے ہلک ہوگن جن کا اصل نام ٹیری جین بولیا تھا، 24 جولائی کو آکیوٹ مایوکارڈیل انفارکشن (acute myocardial infarction) یعنی شدید دل کے دورے کی وجہ سے فوت ہوئے، جیسا کہ اے بی سی نیوز کو پنلاس کاؤنٹی فورینسک سائنس سینٹر سے حاصل کردہ ہوگن کی کرمیٹشن رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔
ہلک ہوگن کی موت سے متعلق ان کے پرائمری کیئر فزیشن نے تصدیق کی۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ ریسلنگ آئیکون کو ایٹریل فیبریلیشن (دل کی دھڑکن کی بے قاعدگی) اور کینسر کی ایک قسم کرونک لمفوسائٹک لیوکیمیا کا بھی شکار تھے، جس کی معلومات نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ نے فراہم کی ہے۔
سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی رپورٹ کے مطابق آکیوٹ مایوکارڈیل انفارکشن اس وقت ہوتا ہے جب دل کی عضلات کو مناسب خون کی فراہمی نہیں ہوتی، اور یہ عام طور پر coronary artery disease کی وجہ سے ہوتا ہے۔
ہلک ہوگن کی موت کے بعد ان کی اہلیہ اسکائی ڈیلی نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ان کے شوہر صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے، مگر انہوں نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی تھیں۔
واضح رہے کہ ہلک ہوگن کئی دہائیوں تک پروفیشنل ریسلنگ کا بڑا نام رہے۔ انہوں نے پہلے 8 میں سے 7 ریسل مینیا کے مین ایونٹ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ وہ کئی رسالوں کے سرورق پر نمودار ہوئے، صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے ہالی وڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔