مشہور ہدایت کار اے آر مروگادوس، جو“ گجنی“ اور ”ہالیڈے“ جیسی کامیاب فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، پہلی بار سلمان خان کے ساتھ فلم سکندر میں کام کر رہے ہیں۔ یہ فلم 30 مارچ 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر، مروگادوس نے سلمان خان سے اپنی پہلی ملاقات کا دلچسپ قصہ سنایا۔ وہ اس وقت جدوجہد کر رہے تھے اور بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر رہے تھے۔ ایک دن وہ چنئی کے پرساد اسٹوڈیو گئے اور شوٹنگ دیکھنے کے لیے سیکیورٹی گارڈ سے اجازت مانگی۔ گارڈ نے دو شرائط پر اجازت دی – ایک، وہ کونے میں کھڑے رہیں گے، دوسرا، کسی سے بات نہیں کریں گے، اور انہیں صرف 20 منٹ کے لیے اندر جانے دیا گیا۔
انہوں نے بتایا ’جب میں اندر داخل ہوا، تو ہر طرف دھواں تھا، اچانک روشنی آئی اور میں نے دیکھا کہ سری دیوی وہاں موجود ہیں۔ پھر میں نے ایک ہیرو کو پیٹھ موڑ کر اپنے بال سنوارتے دیکھا۔ میں جاننا چاہتا تھا کہ وہ کون ہیں۔ جیسے ہی میں ایک قدم آگے بڑھا، گارڈ نے مجھے رکنے کا اشارہ دیا۔ جب میں باہر نکلا، تو میں نے خود سے کہا کہ ایک دن میں سلمان سر کے ساتھ فلم بناؤں گا۔ آج وہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔‘
ٹریلر لانچ پر سلمان خان نے کہا کہ مروگادوس نے انہیں خاص طور پر ایکشن سینز میں بہترین پرفارم کرنے کے لیے سخت محنت کروائی۔
مروگادوس نے مزید بتایا کہ وہ مستقبل میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا،
’سکندر کے بعد میں ایک تامل فلم مکمل کروں گا، اس کے بعد شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سوچوں گا۔ یہ میری خواہش ہے کہ میں ان کے ساتھ بھی فلم بناؤں۔‘
’سکندر‘ ایک ایکشن سے بھرپور فلم
فلم سکندر میں سلمان خان کے ساتھ راشمیکا مندنا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ مروگادوس پہلے ہی عامر خان، رجنی کانت، وجے، مہیش بابو، چرن جیوی، سوریا اور اجیت جیسے سپر اسٹارز کے ساتھ کام کر چکے ہیں، اور اب سلمان خان کے ساتھ ان کا خواب پورا ہو چکا ہے۔
یہ فلم ایک شاندار ایکشن فلم ثابت ہو سکتی ہے، جس کے مداح بے صبری سے منتظر ہیں۔