پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے بیٹوں نے پاکستان آنے کے لیے ویزا کی درخواست دے دی، قاسم اور سلیمان نے ویزا کے حصول کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزے کی درخواست دے دی ہے اور وہ ویزے کے منتظر ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں علیمہ خان نے بتایا کہ سلیمان اور قاسم نے چند روز قبل لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزا کی درخواستیں جمع کرائیں۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ ویزوں کے اجرا کے لیے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کی منظوری کا انتظار ہے، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ہی ویزا جاری ہوگا۔
عمران خان کی بہن کے بقول پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے درخواستیں وصول کرنے کے بعد متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔
علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ سلیمان اور قاسم ویزے کے منتظر ہیں اور وزارت داخلہ سے منظوری کا عمل جاری ہے۔