ایشیئن کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے یو اے ای میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے ویونیوز اور شیڈول کا اعلان کردیا۔
ایشیا کپ کے میچز کے میزبان دوبئی اور ابوظہبی ہونگے۔ افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ابوظہبی میں ہوگا۔ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کا میزبان دوبئی ہوگا۔
پاکستان اپنے تینوں پول میچز دوبئی میں کھیلے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔ ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچز شام 6 بجے شروع ہونگے جبکہ ڈبل ہیڈر میچ سہ پہر میں کھیلا جائے گا۔
اس سال کے ایشیا کپ میں دو گروپ بنائے گئے ہیں، گروپ اے میں بھارت، پاکستان، یو اے ای اور عمان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
ایشیا کپ کے آغاز کے ساتھ ہی کرکٹ شائقین کو دونوں اہم وینیوز پر عالمی سطح کے کرکٹ کا دلچسپ مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہم کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کے منتظر ہیں، بڑے اور دل چسپ ٹاکروں کے بھی منتظر ہیں۔