ملک بھر میں 8 اگست تک مزید بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے ہفتے کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال پر الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 8 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کردیا ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک گھنٹے میں 28,657 سے بڑھ کر 33,653 کیوسک ہوگیا۔

الرٹ کے مطابق 5 سے 7 اگست کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ستلج اور بیاس کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

بھارت میں واقع بھاکڑا ڈیم 55 فیصد اور پونگ ڈیم 56 فیصد بھر چکے ہیں، ڈیموں سے مزید اخراج کے باعث بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ دریائے ستلج میں اس ہفتے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے فوری ریسپانس، نکاسی آب اور ممکنہ انخلا کی تیاری کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کررہا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی لاہور میں اربن فلڈ آنے کی پیشگوئی

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے لاہور میں اربن فلڈ آنے کی پیشگوئی کردی اور اداروں کے ساتھ عوام کے لیے بھی الڑت جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا دعویٰ ہے کہ آئندہ 2 روز میں یعنی بدھ اور جمعرات کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں شدید بارشوں کا امکان ہے اور شدید بارشوں کے باعث تینوں شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے لاہورمیں اربن فلڈنگ کے خطرہ کو لے کر انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

Similar Posts