وزارت داخلہ نے پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈر غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پی او آر ہولڈر افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پی او آر کارڈ ہولڈرز کی رضاکارانہ واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا، واپسی کا عمل یکم ستمبر سے شروع ہوگا، یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور وسائل پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو مدِنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا بارڈر ٹرمینلز پر واپس جانے والوں کی رجسٹریشن ختم کرے گا، ایف آئی اے نامزد بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر سہولت فراہم کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جلا وطن افراد کے لیے ٹرانزٹ ایریاز اور مالی معاونت کا بندوبست کیا جائے، وطن واپسی کی روزانہ پیشرفت کی نگرانی فارن نیشنل سیکیورٹی ڈیش بورڈ کرے گا۔