حب ڈیم کی نئی کینال ٹو میں پانی چھوڑنے کے دوران دوسری بار شگاف پڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق پہلا شگاف کا واقعہ 20 روز قبل پیش آیا جبکہ دوسرا شگاف 2 روز پہلے ٹیسٹنگ کے دوران سامنے آیا۔
افتتاح 13 اگست کو ہوگا۔ حکومت کی جانب سے میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے وضاحت دی کہ یہ غلط خبرہے اور بغیر تحقیق کے چلائی گئی۔
حب ڈیم کی نئی کینال ٹو میں پانی چھوڑنے کے دوران تعمیراتی معیار پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کینال میں ٹیسٹنگ کے دوران دو مرتبہ شگاف پڑے۔
ذرائع کے مطابق، پہلا شگاف 20 روز قبل ٹیسٹنگ کے دوران آیا جبکہ دوسرا شگاف دو روز قبل گڈاپ روڈ کے قریب کینال پھٹنے سے سامنے آیا۔ کینال کے کناروں اور فرش پر جگہ جگہ لیکیج بھی دیکھی گئی۔
اس نئی کینال کی تعمیر پر 12 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ حب کینال 2 کے افتتاح سے قبل اس منصوبے کی مکمل ہونے کے بعد اس کے معیار اور تکنیکی مسائل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اس حوالے سے میئر کراچی کا کہنا ہے کہ خبر چل رہی ہے کہ تعمیری نقائص کے باعث حب کنال کو نقصان پہنچا، یہ غلط خبر ہے اور بغیر تحقیق کے چلائی گئی۔ کچھ لوگ ہیں جو اس ترقی سے خوش نہیں،
یہ پروپگنڈا ہمیں کراچی کے عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا۔
مرتضٰی وہاب نے کہا کہ اس کا افتتاح 13 اگست کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کریں گے۔
دوسری جانب پراجیکٹ ڈائریکٹر سکندر زرداری نے وضاحت دی کہ حب کینال ٹو میں کوئی لیکیج یا فالٹ رپورٹ نہیں ہوا، پرانی کینال سے پانی کے لیے کٹ لگایا تھا، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں۔
سکندر زرداری کا کہنا ہے کہ منصوبہ مکمل اور ٹیسٹ رن کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ حب کینال کا ٹیسٹ 25 دن قبل کیا گیا تھا۔