پاکستان کے تمام بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر غیرملکی مسافروں کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر امیگریشن نظام میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
اس حوالے سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر نئے امیگریشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نئے کاؤنٹرز سے غیر ملکی مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
نئے کاؤنٹرز کے قیام سے غیر ملکی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود کو سہولت ملے گی، اس اقدام کا مقصد پاکستان میں سیاحت، تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے لیے بھی امیگریشن کا عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر بہترین امیگریشن سروس کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اقدامات کا مقصد امیگریشن سروسز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانا ہے۔