سابق سپرمین کا کردار نبھانے والے ہالی ووڈ اداکار ڈین کین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم مشن کو پورا کرنے کا اعلان کردیا۔
دی گارڈینز کی رپورٹ کے مطابق ڈین کین نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اینٹی امیگریشن ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے ”امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ“ (ICE) میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی آئس ٹرمپ کے دوبارہ وائٹ ہاؤس میں آنے کے بعد امیگریشن چھاپوں میں تیزی لائی ہے اور حال ہی میں انہیں ”بگ بیوٹی فل بل“ کے تحت 75 بلین ڈالر کی اضافی فنڈنگ حاصل ہوئی ہے، جس میں سال 2029 تک 10 ہزار اضافی آئس ایجنٹس کی بھرتی کے لیے اربوں ڈالرز شامل ہیں۔
بدھ کی رات فاکس نیوز پر بات کرتے ہوئے ڈین کین نے پروگرام میزبان کو بتایا کہ انہوں نے منگل کو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی بھرتی کرنے سے متعلقہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ وہ اب آئس میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے آئس حکام سے بات کی ہے اور اب میں جلد ہی ایجنٹ کے طور پر حلف اٹھاؤں گا۔
آئس میں شمولیت کے حوالے سے سوال پر کین نے کہا کہ یہ ملک ان محب وطن افراد نے بنایا تھا جنہوں نے عوامی حمایت کے بغیر صحیح کام کیا۔ میں واقعی یقین رکھتا ہوں کہ یہ صحیح کام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا امیگریشن سسٹم ٹوٹا ہوا ہے، کانگریس کو اسے درست کرنا ہوگا، لیکن اس دوران صدر ٹرمپ نے اسی پر انتخاب لڑا تھا۔ وہ اس پر عمل کر رہے ہیں، یہی وہ چیز ہے جس کے لیے لوگوں نے ووٹ دیا تھا۔
بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد: نئی دہلی نے فیصلہ غیر منصفانہ قرار دے دیا
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ بہت سے دوسرے سابق پولیس افسران، سابق آئس ایجنٹس ہمارے ساتھ آئیں گے اور ہم فوراً ان بھرتیوں کے اہداف کو پورا کریں گے، اور ہم اس ملک کا تحفظ کرنے میں مدد کریں گے۔
ڈین کین نے سنہ 1990 کی دہائی میں ”لوئس اینڈ کلارک: دی نیو ایڈونچرز آف سپرمین“ میں ٹیری ہیچر کے ساتھ سپر مین کا کردار ادا کیا تھا۔