روسی شہر سوچی میں شدید دھماکوں کے بعد ایئرپورٹ بند کر دیا گیا جبکہ ساحلوں سے شہریوں کا انخلاء بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ روسی سوشل میڈیا کے مطابق خطے میں فضائی حملے کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سوچی، اڈلر اور تواپسے سمیت متعدد جنوبی روسی شہروں میں فضائی حملے کے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی گئی ہیں، جبکہ کراسنوڈار کے ساحلی علاقوں میں فضائی دفاعی نظام کو ڈرونز مار گرانے کے لیے متحرک کردیا گیا ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ سوچی ایئرپورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ اسی نوعیت کی پابندیاں گیلنجک ایئرپورٹ پر بھی لگائی گئی ہیں۔
سوچی کے میئر آندرے پروشونن نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بالخصوص ساحلی علاقوں میں گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بغیر کھڑکیوں والے کمروں میں پناہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کا ایئر ڈیفنس سسٹم فعال ہے اور ممکنہ خطرات کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔
دریں اثناء، سوشل میڈیا پر شہریوں کو سوچی کے ساحلوں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اور ریسکیو ادارے شہریوں کو جلد از جلد ساحل چھوڑنے کی تلقین کر رہے ہیں۔
ڈرون حملوں کے خطرے کے پیشِ نظر ابخازیا کی غیر تسلیم شدہ جمہوریہ سے ملحقہ پسو چیک پوسٹ کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں