بابر اعظم کے پاس بڑا موقع: ون ڈے کرکٹ میں کون سے بڑے ریکارڈز توڑ سکتے ہیں؟

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم ون ڈے کرکٹ میں 2 اہم سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے، جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 2-1 سے جیت کے بعد پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے آج برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز میں پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔

30 سالہ بابر اعظم اس وقت پاکستان کے بہترین بلے باز سمجھے جاتے ہیں، 2015 میں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے انہوں نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنائی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بابر کے پاس پاکستان کے لیجنڈری اوپنرز سعید انور کا ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ سنچریوں کا بڑا ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے۔

سعید انور پاکستان کے لیے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے 247 میچز کی 244 اننگز میں 20 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ سابق کپتان بابراعظم اب تک صرف 131 میچز کی 128 اننگز میں 19 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

بابر اعظم اگر 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں مزید 2 سنچریاں بنا لیتے ہیں تو وہ سعید انور کا ریکارڈ توڑ کر پاکستان کے لیے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن جائیں گے۔

پاکستانی بلے بازوں کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں

  • سعید انور – 20 سنچریاں، 247 میچز

  • بابراعظم – 19* سنچریاں، 131 میچز

  • محمد یوسف – 15 سنچریاں، 281 میچز

  • فخر زمان – 11 سنچریاں، 82 میچز

  • محمد حفیظ – 11 سنچریاں، 218 میچز

بابراعظم نہ صرف سعید انور کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں بلکہ وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 20 سنچریاں بنانے والے دوسرے تیز ترین کھلاڑی بھی بن سکتے ہیں۔

موجودہ ریکارڈ کے مطابق بابراعظم نے 128 اننگز میں 19 سنچریاں بنائی ہیں اور اگر وہ اگلی 4 اننگز میں ایک اور سنچری اسکور کرلیتے ہیں تو وہ بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑدیں گے، جنہوں نے 133 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

اس فہرست میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ موجود ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ صرف 108 اننگز میں سرانجام دیا تھا۔

20 ون ڈے سنچریاں بنانے والے تیز ترین بلے باز

  • ہاشم آملہ – 108 اننگز

  • ویرات کوہلی – 133 اننگز

  • اے بی ڈی ویلیئرز – 175 اننگز

  • روہت شرما – 183 اننگز

Similar Posts