کراچی میں راشد منہاس روڈ پر افسوس ناک حادثے میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار بھائی اور بہن کی ہلاکت پر گرفتار زخمی ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا ہے۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا۔
آج نیوز کو حاصل ہونے والے زخمی ڈمپر ڈرائیور فردوس خان کے ویڈیو بیان میں اس نے دعویٰ کیا کہ حادثہ کیسے پیش آیا، اسے معلوم نہیں۔
ڈرائیور نے کہا، ’مجھے نہیں پتہ موٹر سائیکل والے کیسے میرے ڈمپر کے نیچے آگئے، میں تو گاڑی آہستہ چلا رہا تھا۔‘
کراچی میں ہیوی ٹریفک کا قہر، سات ماہ میں 538 جانیں سڑکوں پر ختم ہو گئیں
فردوس خان نے مزید کہا کہ اس کے پاس ڈمپر کے تمام کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس موجود تھے، مگر حادثے کے بعد مشتعل افراد نے اس کا موبائل فون، نقد رقم اور گاڑی کی چابیاں چھین لیں۔
ڈرائیور نے بیان میں کہا، ’تشدد کرنے والوں کو میں جانتا نہیں‘۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ڈمپر کو تحویل میں لے کر مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔