ینگ اسٹنرز کے کنسرٹ میں بدنظمی، خواتین کے درمیان ہاتھا پائی

0 minutes, 3 seconds Read

رانی باغ، حیدرآباد میں ینگ اسٹنرز کا مفت کنسرٹ بدنظمی کا شکار ہوگیا، اسٹیج گر گیا اور ہجوم بے قابو ہو گیا۔ واقعے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

گزشتہ رات رانی باغ، حیدرآباد میں ینگ اسٹنرز کا مفت کنسرٹ منعقد کیا گیا، جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔ تاہم، کنسرٹ شروع ہونے سے پہلے ہی انتظامی مسائل نے سراٹھانا شروع کر دیا۔

جگہ کی مناسب پلاننگ نہ ہونے کی وجہ سے ہجوم بے قابو ہو گیا، جس کے نتیجے میں بدنظمی پھیل گئی۔ اس مرحلے پراسٹیج اچانک ٹوٹ گیا اور لوگوں میں شدید دھکم پیل شروع ہو گئی۔

کچھ مقامات پر صورتحال اس قدر بگڑ گئی کہ خواتین کے درمیان جھگڑے اور بال کھینچنے تک کی نوبت آ گئی۔ موقع پر موجود سکیورٹی ناکافی ثابت ہوئی اور منتظمین صورتحال کو سنبھالنے میں ناکام نظر آئے۔ جھگڑے کے باعث تفریح کا ماحول افراتفری میں بدل گیا۔

کنسرٹ میں ایک شریک نوجوان نے پورے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس میں کنسرٹ کی بدنظمی، اسٹیج کا گرنا اور لوگوں کی افراتفری صاف دیکھی جا سکتی ہے۔

ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور عوام نے سوشل میڈیا پر غصے اور مایوسی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی عوام کے رویے اور کنسرٹ کے ناقص انتظامات پر شدید تنقید دیکھنے کو ملی۔ مختلف صارفین نے کمنٹس میں سخت الفاظ استعمال کیے۔

ایک صارف نے کہا، ”پاکستانی عوام میں کوئی اخلاقیات نہیں۔“

کسی نے کہا، ”ان لوگوں کو سویل سنس (شہری شعور) سیکھنے کی ضرورت ہے۔“ ایک کے نزدیک ”یہی ہوتا ہے جب کنسرٹ مفت ہو۔“

بعض صارفین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بڑے عوامی ایونٹس کو منظم کرنے کے لیے پیشہ ور سکیورٹی اور ہجوم کنٹرول کے بہتر انتظامات ہونے چاہئیں، تاکہ تفریح کا ماحول خوف یا بدتمیزی میں تبدیل نہ ہو۔

ینگ اسٹنرز کے مداح اس صورتحال پر خاصے مایوس دکھائی دیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات فنکاروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اگر مناسب انتظامات نہ کیے جائیں تو شائقین کی جان کو خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے مشہور اور کامیاب میوزک بینڈز میں شامل ینگ اسٹنرز نے 2012 میں پاکستانی میوزک سین میں ریپ اور ہپ ہاپ کو متعارف کروایا تھا۔

طلحہ انجم اور طلحہ یونس پر مشتمل یہ نوجوان جوڑی اپنی منفرد شاعری، موسیقی اور خود اعتمادی کے باعث نوجوانوں اور خاص طور پر جین زی میں بے حد مقبول ہے۔ ان کی ہر پرفارمنس کا شدت سے انتظار کیا جاتا ہے اور مداح انہیں اپنا اسٹائل آئیکون اور آواز سمجھتے ہیں۔

Similar Posts