پاکستان کی معروف اداکارہ، پروڈیوسر، اور ڈائریکٹر انجلین ملک نے حال ہی میں کینسر جیسے موذی مرض کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے ایک مثال قائم کی ہے۔ ان کی ہمت، مثبت سوچ، اور زندگی سے محبت ہر اُس شخص کے لیے امید کی کرن ہے جو مشکلات سے دوچار ہے۔
ڈان نیوز کی ایک رپورٹ میں انجلین نے کہا کہ میں ہمیشہ سے گھنگھریالے بالوں والی لڑکی کے ناپ سے جانی جاتی تھی لیکن اب ’گنجی عورت‘ کے طور پر جانی جاتی ہوں۔ ان کا انداز اور لہجہ ایسا ہے جیسے یہ ایک عام بات ہو۔ وہ کہتی ہیں، ’بالوں کا گرنا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے، لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ گنجا ہونا بہتر ہے۔ اب میرا نیا شوق اسکارف ہیں!‘
کینسر کی تشخیص کے بعد ان کی زندگی، جو مسلسل ڈراموں اور پروجیکٹس میں مصروف رہتی تھی، ایک دم رک گئی۔ لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی۔ وہ کہتی ہیں، ’یہ خدا کا اشارہ تھا کہ میں اپنی صحت کا خیال رکھوں، خود کو وقت دوں۔‘
مثبت سوچ اور ذہنی طاقت
انجلین کا ماننا ہے کہ ذہن کی طاقت بے حد اہم ہے۔ ’اگر میں یقین رکھوں کہ میں خوبصورت ہوں، تو میں خوبصورت دکھوں گی۔ اگر میں مان لوں کہ میں بچ جاؤں گی، تو میں بچ جاؤں گی۔‘
ان کا یہ پیغام نہ صرف متاثر کن ہے بلکہ کینسر کے مریضوں کے لیے ایک اہم سبق بھی ہے کہ حوصلہ، یقین اور مثبت سوچ انسان کو مشکل ترین وقت سے نکال سکتی ہے۔
فیشن شو میں گنجی ماڈل کی حیثیت سے شرکت
حال ہی میں انجلین نے ایک فیشن شو میں بطور گنجی ماڈل شرکت کی، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔ یہ ان کا پیغام تھا کہ ’خوبصورتی صرف بالوں میں نہیں، خود اعتمادی میں ہے۔‘

زیورات کا شوق، ایک نیا سفر
ڈرامہ انڈسٹری سے وقتی دوری نے انجلین کو اپنی پرانی محبت یعنی جیولری ڈیزائننگ کی طرف واپس لے آیا۔ ان کا برانڈ ”Angelines“ نہ صرف زیورات پیش کرتا ہے بلکہ ہر پیس ایک کہانی، ایک جذبہ، اور ایک آرٹ کا نمونہ ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’میں ہر خریدار کو جاننا چاہتی ہوں، ہر ڈیزائن میں سوچ اور جذبہ ہوتا ہے۔‘
معاشرتی مسائل پر آواز
انجلین ہمیشہ سے معاشرتی مسائل پر کھل کر بات کرتی آئی ہیں، چاہے وہ ہراسانی کے خلاف مہم ہو یا خواتین کے حقوق کی بات۔ ان کا مشہور ہیش ٹیگ #InkaarKaro اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

کینسر کے دوران، انجلین کی بہنیں اور بھانجی ان کے ساتھ رہیں، جب کہ ان کے قریبی دوستوں کا حلقہ ہمیشہ ان کی مدد کے لیے موجود رہا۔ وہ کہتی ہیں، ’میرے دوست میری طاقت ہیں، اور مجھے ان پر فخر ہے۔‘
آگے کا سفر
ٹی وی ڈراموں سے وقتی کنارہ کشی کے بعد، انجلین اب اپنی صحت، غذائیت، اور ذہنی سکون پر توجہ دے رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’یہ مرحلہ مشکل ضرور ہے، لیکن زندگی میں انسانوں نے مجھے زیادہ تکلیف دی ہے، یہ تو صرف ایک آزمائش ہے، اور میں اس سے نکل آؤں گی۔‘
انجلین ملک کا حوصلہ اور قوتِ ارادی نہ صرف کینسر سے لڑنے والوں کے لیے حوصلہ افزا ہے، بلکہ ہر اُس شخص کے لیے سبق آموز ہے جو زندگی کی کسی بھی آزمائش سے گزر رہا ہو۔