کراچی: ’بہن بھائی کو ڈمپر سے کچلنے والے ڈرائیور کے پاس ایچ ٹی وی کی جگہ ایکسپائر ایل ٹی وی لائسنس تھا‘

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کی عدالت نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں ٹینکر ڈرائیور کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے جبکہ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے پاس ہیوی ٹریفک لائسنس نہیں تھا البتہ ملزم کے پاس ایل ٹی وی لائسنس ہے وہ بھی 2016 میں ایکسپائر ہوچکا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت کے روبرو راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے گرفتار ڈمپر ڈرائیور ملزم فردوس کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے پاس سے ہیوی ٹریفک وہیکل (ایچ ٹی وی) لائسنس نہیں ملا البتہ ملزم کے پاس لائٹ ٹریفک وہیکل (ایل ٹی وی) لائسنس وہ بھی 2016 میں ایکسپائر ہوچکا ہے۔

پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم سے ڈمپر کے مالک کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کرنی ہے، ملزم کے کاغذات کی بھی تصدیق کرانی ہے، حادثے کے بعد عوام کے تشدد سے ملزم کی آنکھ پر چوٹ لگی ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب حادثے کے بعد 7 ڈمپرز کو نذر آتش کرنے کی تجزیاتی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈمپر کا فٹنس سرٹیفکیٹ موجود نہیں، حادثے سے بچاؤ کے لیے ڈمپر میں کسی قسم کی حفاظتی رکاوٹیں نہیں لگائی گئیں تھی۔ نذرآتش کیے گئے ڈمپرز میں ٹریکر اور اسپیڈ ٹریکنگ ڈیوائس بھی موجود نہیں تھی۔

واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور ان کے والد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی تھی جس پر ڈمپرز ایسوسی ایشن نے سہراب گوٹھ پر احتجاج کرتے ہوئے سپر ہائی وے کر ٹرک اور ٹریلرز کھڑے کرکے بلاک کردیا تھا، تاہم حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا تھا۔

Similar Posts